اڈپی 13؍اکتوبر (ایس او نیوز) ضلع اڈپی کی ڈپٹی کمشنر پریانکا میری فرانسس نے کہا ہے کہ کوسٹل ریگولیٹری زون ( سی آر زیڈ) کے حدود سے باہر ریت نکالنے کی اجازت آئندہ ایک ہفتے کے اندر دی جائے گی۔
ڈی سی یہ بھی بتایا کہ سی آر زیڈ علاقے میں ریت نکالنے کی اجازت دینے کے لئے ابھی مزید کچھ وقت لگ سکتا ہے۔کیونکہ ریاستی محکمہ جنگلات، ماحولیات اورموسمیات کے ذمہ داران کی میٹنگ ابھی ہونی باقی ہے اور اس میں طے کیے گئے فیصلے کی روئداد موصول ہونے کے بعد سی آر زیڈ علاقے میں ریت نکالنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ڈی سی پریانکا کے مطابق کارکلا میں 2اوربیندوراسمبلی علاقے میں 2ریت کے ذخیرے(سینڈ بلاکس)کی نشاندہی کرلی گئی ہے جو کہ سی آر زیڈ زمرے کے حدود سے باہر آتے ہیں۔لیکن ضمنی لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بیندور حلقے میں انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہوگیا ہے اس لئے اب صرف کارکلا علاقے میں ریت نکالی جائے گی اور ضمنی لوک سبھا انتخابات کے بعد بیندور میں ریت نکالی جاسکے گی۔ڈی سی نے یہ بھی بتایا کہ مرکزی محکمہ ماحولیات و جنگلات نے سی آر زیڈ علاقے کے نقشے پر نظر ثانی کی ہے اور اس کے حدود بڑھا دئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ریت نکالنے کے مقامات کی تعداد جوگزشتہ سال تک 28 تھی اب اس میں بہت زیادہ کمی آگئی ہے اور یہ تعداد صرف 9مقامات پر رک گئی ہے۔
ڈی سی پریانکا میری فرانسس نے کہا کہ کچھ میڈیا والے اور کچھ مفاد پرست عناصرریت کی فراہمی میں ہونے والی کمی کو اس طرح بیان کررہے ہیں جیسے کہ صرف ڈی سی ہی اس کے لئے تنہا ذمہ دارہے۔انہوں نے کہاکہ ضلع اڈپی کے عوام اتنے بے وقوف نہیں ہیں کہ ان کے خلاف چلائی جارہی اس مہم کے جھانسے میں آجائیں گے۔ا گر عوام کو اصل حقائق کا علم ہوگا تو انہیں خوشی محسوس ہوگی۔